کراچی :رجب بٹ کے وکیل میاں اشفاق اور ان کے خلاف مقدمہ درج کروانے والے وکلا کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے بعد فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف درج مقدمات اور دائر درخواستیں واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
مذاکرات کے بعد میاں علی اشفاق نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فریقین کے درمیان تمام معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ درج مقدمات کے محرکات، واقعے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال اور اس کے اثرات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا ہے۔
میاں علی اشفاق کے مطابق تمام مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر اتفاق ہوا ہے، چاہے معاملہ ایڈوکیٹ ریاض سولنگی سے متعلق ہو یا ان کے مؤکل رجب بٹ سے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فریقین نے ایک دوسرے پر کسی قسم کی شرائط عائد نہیں کیں اور اس معاملے کو مکمل طور پر خوشگوار ماحول میں طے کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ تقریباً 10 برس سے سندھ بھر میں وکالت کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ اس تنازعے کے حل میں عامر وڑائچ نے اہم کردار ادا کیا۔
میاں علی اشفاق نے کہا کہ اس واقعے سے کراچی بار کی ساکھ متاثر ہوئی، حالانکہ کراچی بار میں ہر قوم، مذہب اور فرقے کا احترام کیا جاتا ہے۔
انہوں نے وکلا سے اپیل کی کہ مذہبی نوعیت کے معاملات میں وکالت ضرور کریں، لیکن خود فریق نہ بنیں۔
رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ نے صلح کروادی،و کلا کا ایک دوسرے کے خلاف مقدمات واپس لینے کا فیصلہ

