اسلام آباد:افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک روز میں تقریباً 11 ہزار 600 افغان مہاجرین کو قانونی اور منظم طریقے سے افغانستان واپس بھیجا گیا۔ مجموعی طور پر اب تک 16 لاکھ 96 ہزار افغان شہری وطن واپس جا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق افغان مہاجرین کی واپسی مکمل طور پر قانونی طریقۂ کار کے تحت کی جا رہی ہے، اور ہر شخص کے دستاویزات کی تصدیق کے بعد ہی سرحد عبور کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔یہ اقدام پاکستان نے اپنی قومی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا ہے۔ وفاقی اور صوبائی سطح پر قائم انتظامی کمیٹیوں نے واپسی کے عمل کو شفاف، منظم اور باعزت بنانے کے لیے مربوط نظام وضع کیا ہے۔
مہاجرین کے لیے ایف سی اور سول انتظامیہ کی جانب سے نہ صرف رہائش بلکہ کھانے پینے کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے تاکہ واپسی کا عمل انسانی ہمدردی اور عزتِ نفس کے تقاضوں کے مطابق مکمل ہو۔پاکستان نے گزشتہ چالیس برسوں کے دوران افغان جنگ اور خانہ جنگی کے نتیجے میں لاکھوں افغانیوں کی میزبانی کر کے انسانی ہمدردی کی ایک عظیم مثال قائم کی۔
افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور تعاون کی نئی بنیاد رکھے گی۔ اب پاکستان میں بغیر پاسپورٹ اور ویزہ کے داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔

