منیلا : فلپائن میں کل میگی نامی سمندری طوفان کے نتیجے میں 114 افراد کی ہلاکت کے بعد صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر نے ملک کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔یہ اس سال فلپائن سے ٹکرانے والے سب سے طاقتور طوفانوں میں سے ایک ہے۔ طوفان کے نتیجے میں فلپائن کے سب سے زیادہ آبادی والے جزیرے سیبو میں 71 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
حکام کے مطابق 127 افراد لاپتہ اور 82 زخمی ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ سیبو کے صوبائی حکام نے مزید 28 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے صدر مارکوس جونیئر کا کہنا تھا کہ انھوں نے ملک کو آفت زدہ قرار دینے کا فیصلہ ٹائفون کل میگی سے ہونے والے نقصانات کے ساتھ ساتھ ایک اور طوفان اوان کی پیش گوئی کی وجہ سے کیا ہے جو ہفتے کے آخر میں فلپائن ٹکرا سکتا ہے۔
جمعرات کی صبح طوفان فلپائن سے نکل کر وسطی ویتنام کی جانب بڑھ گیا ہے۔ طوفان کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے اور وہ جمعے کے روز وسطی ویتنام سے ٹکرائے گا۔

