بنوں: پاک فوج کے زیرِ اہتمام جانی خیل میں قبائلی جرگہ منعقد کیا گیا، جس میں قبائلی عمائدین اور مشران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جرگہ پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے منعقد ہوا، جس کا مقصد علاقے میں امن و امان کے قیام، دہشتگردی کی روک تھام اور عوامی فلاحی کاموں پر بات چیت کرنا تھا۔
جنرل آفیسر کمانڈنگ میرانشاہ نے قبائلی عمائدین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون سے علاقہ میں امن و ترقی کا سفر کامیابی سے جاری ہے۔ جرگے میں جانی خیل قبائل اور نواحی علاقوں کے رہنماؤں نے سیکیورٹی صورتحال، دہشتگردی کی روک تھام اور فلاحی کاموں کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔
عمائدین اور جرگہ کے شرکاء نے حکومت، انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کا اعادہ کیا۔ پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی ادارے ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو عوام کے تعاون سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

