سوات: بابوسر ٹاپ گلگت بلتستان اورسوات کے مشہور سیاحتی مقام کالام گودر ٹاپ پر موسمِ سرما کی پہلی برف باری شروع ہوگئی ۔ اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں اگلے 12سے 24 گھنٹے کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کر دیا گیا۔
گودر ٹاپ پر موسمِ سرما کی پہلی برف باری کا آغاز ہوگیا، برف باری سے موسم میں اچانک تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ دوسری جانب پہاڑی علاقوں کے دیوانے برف باری سے لطف اندوز ہونے کالام پہنچ گئے۔ پہاڑوں پر برف باری کے بعد حسین مناظر نے دل موہ لیے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے 12 سے 24 گھنٹے کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش متوقع ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے کئی اضلاع میں بھی بارش کی پیشگوئی کر دی گئی ۔ این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شہری پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر غیر ضروری سفر نہ کریں۔

