ریاض + اسلام آباد :سعودی عرب کے بڑے شہروں کی نمایاں عمارتیں اور اہم مقامات سعودی عرب اور پاکستان کے پرچموں کی روشنیوں سے جگمگا اٹھے۔
یہ مناظر پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے سرکاری دورۂ سعودی عرب کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان ’سٹریٹجک دفاعی معاہدے‘ پر دستخط کی خوشی میں پیش کیے گئے۔آج کے تاریخی معاہدے کے بعد سعودی عرب نے ترانہ بھی ریلیز کیا ہے۔یہ ترانہ ریاض سے تعلق رکھنے والے ڈیزرٹ بیٹ ریکارڈز کی طرف سے ریلیز کیا گیا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط رشتے اور اسٹریٹجک معاہدے پر جاری کئے گئے ترانے میں دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو اجاگر کیا گیا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کی خوشی میں سعودی دارالحکومت ریاض کی 99 منزلہ بلند عمارت دی کنگ ڈم ٹاور کو پاکستانی پرچم کے رنگ سے روشن کردیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے، جس کے بعد سبز ہلالی پرچم اور سعودی عرب کے پرچم کے رنگوں سے 99 منزلہ بلند عمارت کو روشن کیا گیا۔
اسلام آباد میں بھی مختلف عمارتوں کو سبز رنگ کی روشنیوں سے سجایا گیا، دونوں برادر ملکوں کے پرچم لہرائے گئے۔

