لاہور: (خصوصی رپورٹر) محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے سرکاری افسران و ملازمین کی سیاسی و مذہبی جماعتوں سے وابستگی پر سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مختلف سرکاری کالجز اور جامعات کے اساتذہ سیاسی و مذہبی جماعتوں میں سرگرم ہیں اور بعض اہم تنظیمی عہدے بھی رکھتے ہیں۔
محکمہ کے مطابق سرکاری ملازم کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت کا رکن یا عہدیدار نہیں بن سکتا۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم کو بھی شکایات موصول ہو چکی ہیں۔
گورنمنٹ گلبرگ کالج کے لیکچرار ڈاکٹر مطیع اللہ باجوہ، پنجاب یونیورسٹی کے ڈین و پروفیسر ڈاکٹر حماد لکھوی، لیکچرار عبدالرحمن شارق اور ڈاکٹر ابراہیم سلفی گورنمنٹ شالیمار کالج لاہور، پروفیسر عبدالستار حامد اور پروفیسر حامد عبدالرحمن سمیت دیگر اساتذہ کے خلاف بھی شکایات سامنے آئی ہیں۔
شکایات میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ اساتذہ نے سیاسی و مذہبی جماعتوں میں اہم ذمہ داریاں سنبھال رکھی ہیں، جو کہ سرکاری ملازمت کے قواعد و ضوابط کے منافی ہے۔ شکایت کنندگان نے ان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے

