یانگون (بے نقاب نیوز / ویب ڈیسک) میانمار میں فوجی جنتا کی جانب سے شہری آبادی پر فضائی حملوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ تازہ ترین وحشیانہ کارروائی میں میانمار کی فضائیہ نے مشرقی علاقے میں شادی کی تقریب کے لیے جمع ہونے والے بے گھر افراد کے ایک گھر پر بمباری کر دی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد جاں بحق اور متعدد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی اور مقامی ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ہفتہ کے روز میانمار کی ریاستوں شان (Shan) اور کیرینی (Karenni) کے سرحدی علاقے موئے بائے (Moe Bye) کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔ عینی شاہدین اور مقامی امدادی کارکنوں نے بتایا کہ متاثرہ گھر میں دو بے گھر افراد کی شادی کی تیاریاں جاری تھیں اور مہمانوں کی بڑی تعداد موجود تھی کہ اچانک فوجی طیارے نے عمارت پر بم گرا دیا۔
عینی شاہدین کے دل دہلا دینے والے بیاناتحملے کے فوری بعد امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے ایک مقامی شخص اور ریسکیو تنظیم کے سربراہ کے مطابق جائے وقوعہ سے اب تک 17 سے 21 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جن میں پانچ معصوم بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے اور لاپتہ ہونے کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مقامی رپورٹس اور دیگر علاقوں میں ہونے والے حالیہ حملوں کے باعث مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 30 تک بتائی جا رہی ہے۔
عینی شاہد نے خوفناک منظر بیان کرتے ہوئے کہا:
"میں نے قریب ہی طیارے کی آواز سنی لیکن خیال تھا کہ اس علاقے میں بمباری نہیں ہوگی، تاہم چند لمحوں بعد زوردار دھماکے کی آواز آئی اور ہر طرف دھواں پھیل گیا۔ جب میں وہاں پہنچا تو ہر طرف لاشیں بکھری پڑی تھیں اور زخمیوں کی چیخ و پکار تھی۔”
سوشل میڈیا اور مقامی ذرائع سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کے بعد آگ اور ملبے کے درمیان سے لہولہان بچوں اور خواتین کو موٹر سائیکلوں اور پک اپ گاڑیوں کے ذریعے قریبی کلینک منتقل کیا جا رہا ہے۔ ایک دلخراش منظر میں خون میں لت پت ایک بچی روتے ہوئے اپنے والدین کے بارے میں پوچھتی دکھائی دی۔
واضح رہے کہ میانمار میں فروری 2021 کی فوجی بغاوت کے بعد سے جاری خانہ جنگی میں اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ تین روز کے دوران میانمار کی فوج نے ماگوے (Magway) کے ایک اسکول اور خانقاہ سمیت مختلف شہری علاقوں پر فضائی حملے کیے ہیں، جن میں درجنوں بے گناہ شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ تاحال میانمار کی فوج کی جانب سے اس حملے پر کوئی باضابطہ موقف سامنے نہیں آیا ہے۔


