رپورٹ: عامر علی انڑ (مٹیاری)

ہالا: سول سوسائٹی آف سندھ کی مسلسل کوششوں اور خصوصی کاوشوں کے تحت تعلقہ اسپتال ہالا میں تاریخ میں پہلی مرتبہ SICVD اور NICVD کے خصوصی تعاون سے ایک روزہ مفت میگا کارڈیک کیمپ منعقد کیا گیا۔ کیمپ کا باقاعدہ افتتاح ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شہباز علی شیخ (NICVD حیدرآباد) نے کیا۔
افتتاحی تقریب سے قبل کیمپ کی کامیابی اور عوام کی صحت و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین سول سوسائٹی آف سندھ سید گلفام کاظمی، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالرشید میمن، ایم ایس تعلقہ اسپتال ہالا ڈاکٹر عبدالسلام میمن، حاجی منظور مدنی میمن، زوار عباس اور ہالا کی دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔
تقریب اور میگا کارڈیک کیمپ میں سول سوسائٹی آف سندھ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین و عہدیداران، ایڈووکیٹ اظفر بہزاد، انجینئر عنایت اللہ میمن، ڈاکٹر وقار احمد انصاری، انجینئر کے کے نارائنداس، مخدوم میاں شہاب الدین بھٹی، ہندو پنچائت کے چیئرمین سیٹھ نند کمار، ڈی ایچ او مٹیاری ڈاکٹر خالد صدر، ایم ایس تعلقہ اسپتال ہالا ڈاکٹر عبدالسلام میمن، مٹیاری یونین آف جرنلسٹ ورکرز کے صدر عبدالغفور عرف ادا بھاؤ میمن، آل پاکستان انڑ اتحاد ضلع مٹیاری کے انفارمیشن سیکریٹری جام عامر انڑ، سید منور شاہ اور عزیر پرویز میمن سمیت مختلف شخصیات نے شرکت کی۔
علاوہ ازیں ہالا تعلقہ سے تعلق رکھنے والی لیڈی ڈاکٹرز ڈاکٹر غلام سکینہ، ڈاکٹر ناہید، ڈاکٹر طاہر اور ڈاکٹر سیما سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے اس عوامی فلاحی اقدام کو سراہا۔
ایک روزہ مفت میگا کارڈیک کیمپ کے دوران ایک ہزار سے زائد خواتین، مردوں اور بچوں کا دل کی مختلف بیماریوں کے حوالے سے مفت طبی معائنہ اور تشخیص کی گئی، جبکہ مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
کیمپ کے انعقاد کا بنیادی مقصد ہالا اور گردونواح کے عوام کو دل کی بیماریوں کی مفت تشخیص، معائنے اور ادویات کی سہولت دینا ہے، ساتھ ہی مستقبل میں ہالا میں SICVD کا مکمل مرکز قائم کرنے کی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہے۔
اس موقع پر سول سوسائٹی آف سندھ کی جانب سے SICVD اور NICVD کی انتظامیہ، ڈاکٹرز، طبی عملے، تعلقہ اسپتال ہالا کی انتظامیہ، تعاون کرنے والے اداروں اور تمام مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا گیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ سول سوسائٹی آف سندھ اور طبی اداروں کی مشترکہ کاوشیں عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے اور ہالا میں دل کے جدید علاج کی سہولیات متعارف کرانے کی جانب ایک اہم اور قابلِ تحسین قدم ہیں۔


