نیویارک (ویب ڈیسک)
ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے معروف آسٹریلوی سپر اسٹار برونسن ریڈ 38 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں، جن کی اچانک موت نے ریسلنگ کی دنیا اور مداحوں کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ای انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ برونسن ریڈ، جن کا اصل نام جرمین ہیلی (Jermaine Haley) تھا، طبی پیچیدگیوں کے باعث جمعہ کے روز اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ کمپنی نے اپنے بیان میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برونسن ریڈ نہ صرف رنگ میں ایک شاندار ریسلر تھے بلکہ حقیقی زندگی میں ایک بہترین انسان، شفیق شوہر، محبت کرنے والے باپ اور ہر دلعزیز ساتھی تھے۔
رپورٹس کے مطابق برونسن ریڈ آخری بار رواں ماہ کے آغاز میں سعودی عرب کے شہر ریاض میں ہونے والے ایونٹ "کراؤن جیول” (Crown Jewel) میں دکھائی دیے تھے، جہاں ایک میچ میں مداخلت کے دوران وہ شدید زخمی ہو گئے تھے اور ان کی پسلیاں ٹوٹنے سمیت گردے کو نقصان پہنچا تھا۔ تاہم ڈبلیو ڈبلیو ای نے ان کی موت کی حتمی طبی وجوہات کی مزید تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔
آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ سے تعلق رکھنے والے برونسن ریڈ نے 2007 میں ریسلنگ کی دنیا میں قدم رکھا اور 2019 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بنے، جہاں انہوں نے اپنی طاقتور شخصیت اور منفرد انداز سے دنیا بھر میں لاکھوں مداح بنائے۔ سوگواران میں ان کی حاملہ اہلیہ پیج ہیلی اور ایک کمسن بیٹی شامل ہیں۔ ان کے انتقال پر ساتھی ریسلرز اور شائقین کی جانب سے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔


