سیالکوٹ.بیورو رپورٹ۔سلیم احمد اعوان شیخو

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد اویس مشتاق کی زیر صدارت ضلعی انسدادِ پولیو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 12 دسمبر سے شروع ہونے والی تین روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع سیالکوٹ میں قومی انسدادِ پولیو مہم 12 سے 14 دسمبر تک جاری رہے گی جبکہ 15 دسمبر کو مہم کے آخری مرحلے کے طور پر ان بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جو کسی بھی وجہ سے مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے رہ جائیں گے۔
ضلع سیالکوٹ میں پانچ سال سے کم عمر 7 لاکھ 95 ہزار 877 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 2 ہزار 676 متحرک ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی جبکہ 133 مستقل ٹیمیں بنیادی و دیہی مراکز صحت اور ہسپتالوں میں خدمات انجام دیں گی۔
اسی طرح 69 موبائل اور رومنگ ٹیمیں لاری اڈوں، بس اڈوں، اہم چوکوں اور بازاروں میں موجود رہ کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا قومی فریضہ انجام دیں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افیسران کو ہدایت کی کہ انسدادِ پولیو مہم کے تمام پیشگی انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور مہم کے دوران مقررہ اہداف کے حصول کے لیے مؤثر نگرانی اور باہمی رابطے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہنے پائے۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شیراز مسعود، ڈاکٹر شہزاد اقبال اور عالمی ادارۂ صحت کے نمائندے ڈاکٹر حیدر سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔


