بھریا سٹی رپورٹ: مجاہد علی مغل
نوشہروفیروز: مولانا فضل الرحمان کے اعلان پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی جانب سے قومی شاہراہ پر دھرنا اور احتجاج کیا گیا۔احتجاجی مظاہرہ جے یو آئی کے ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن ڈنگراج، مولانا عبدالعلیم گانگھرو، اکرم علی پیرزادہ اور عبدالمالک ابڑو کی قیادت میں کیا گیا، جس میں کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے قومی شاہراہ پر نمازِ مغرب بھی ادا کی، جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو گئی۔یہ احتجاج مولانا فضل الرحمان کی سیکیورٹی واپس لینے اور انہیں مبینہ طور پر گھر میں نظر بند کرنے کے اقدام کے خلاف کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالعلیم گانگھرو نے کہا کہ جمہوری ملک میں سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ایسا رویہ کسی صورت قابلِ برداشت نہیں ہے۔جے یو آئی رہنما مولانا عبدالرحمن ڈنگراج نے کہا کہ مرکزی قیادت کی مزید ہدایات تک قومی شاہراہ پر احتجاج اور بندش جاری رہے گی۔قومی شاہراہ کی بندش کے باعث سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔


