اسلام آباد: حکومتِ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ’نیشنل کرپشن رسک اسیسمنٹ رپورٹ‘میں ملک کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں (Discos) کو سرکاری شعبے کے ان اداروں میں سرفہرست قرار دیا گیا ہے جہاں بدعنوانی اور مالی بے ضابطگیوں کے خطرات سب سے زیادہ ہیں۔
پروپاکستانی کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 25 سرکاری اداروں کے جائزے پر مبنی اس رپورٹ میں تمام 10 بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں غیر شفاف سرکاری خریداری کو سب سے بڑی اور مشترکہ کمزوری قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل، آڈٹ کے کمزور نظام اور مالی بے ضابطگیوں کو بھی سنگین خطرات کے طور پر اجاگر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق جائزہ لیے گئے اداروں میں سے 9 اداروں میں محصولات کے ضیاع کے واضح خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ 7 ادارے ایسے پائے گئے جو غبن اور سرکاری فنڈز کے غلط استعمال کے خطرے سے دوچار ہیں۔
تاہم رپورٹ میں یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ جانچے گئے 25 اداروں میں سے کوئی بھی انتہائی شدید خطرے کے زمرے میں نہیں آتا۔
نیشنل کرپشن رسک اسیسمنٹ رپورٹ میں ان سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور بدعنوانی کے راستے بند کرنے کے لیے مجموعی طور پر 396 جامع اصلاحات تجویز کی گئی ہیں۔
ان سفارشات میں اداروں میں میرٹ پر تقرریوں کو یقینی بنانے، تمام سرکاری ریکارڈ کی مکمل ڈیجیٹائزیشن، سرکاری محکموں کے درمیان ڈیٹا کے بہتر تبادلے اور ادارہ جاتی نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔
بجلی تقسیم کار کمپنیاں سرکاری شعبے میں کرپٹ ترین ادارے قرار؛’نیشنل کرپشن رسک اسیسمنٹ رپورٹ‘


