وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ خواتین ان کی ریڈ لائن ہیں اور ان کے خلاف کسی بھی قسم کا تشدد یا ظلم ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کا احترام ہماری معاشرتی روایات اور مذہبی اقدار کا بنیادی جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینِ اسلام نے سب سے پہلے عورت کو مکمل عزت، وقار اور حقوق دینے کے واضح احکامات دیے، جبکہ خواتین کی عزت و تکریم نبی کریم ﷺ کی سنتِ مبارکہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ قرآن و سنت میں عورت پر ہاتھ اٹھانے سے منع کیا گیا ہے اور خواتین کے ساتھ نرمی، شفقت اور حسنِ سلوک اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین پر تشدد کرنے والے بزدل اور مجرم ہیں، اور ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ خواتین کا تحفظ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور صوبے کو پہلی مرتبہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، جہاں مشکلات کا شکار خواتین آسانی سے اپنی شکایات درج کرا سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پینک بٹن (Panic Button) کے ذریعے فوری پولیس مدد حاصل کر سکتی ہیں، جبکہ خواتین کے لیے پولیس ویمن ہیلپ لائن بھی مکمل طور پر فعال ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق خواتین سے متعلق مقدمات کے جلد اور مؤثر فیصلوں کو یقینی بنانے کے لیے اسپیڈی کورٹس (Speedy Courts) کے قیام کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پنجاب خواتین کے تحفظ اور ان کے حقوق کے دفاع کے لیے پرعزم ہے، کیونکہ خواتین کے لیے تشدد سے پاک، محفوظ اور مساوی معاشرے کا قیام ہی حقیقی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
خواتین میری ریڈ لائن، ان کے خلاف کسی بھی قسم کا تشدد ،ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا: مریم نواز


