مظفرگڑھ: محکمہ جنگلات پنجاب نے قبضہ مافیا اور جنگلات کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث عناصر کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کے کچے کے علاقے میں 66 ملین (6 کروڑ 60 لاکھ) روپے مالیت کی 60 ایکڑ قیمتی سرکاری اراضی واگزار کروا لی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) فاریسٹ پنجاب اظفر ضیا کے مطابق یہ گرینڈ آپریشن علی پور کے علاقے بیٹ دیوان میں کیا گیا، جہاں بااثر قبضہ مافیا نے سرکاری جنگلات کی زمین پر ناجائز قبضہ جما رکھا تھا۔
ڈی جی فاریسٹ نے تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ ملزمان نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرکاری رقبے پر موجود قیمتی درخت بے دردی سے کاٹ ڈالے تھے اور اس زمین کو ہموار کر کے وہاں فصلیں کاشت کر رکھی تھیں۔
اطلاع ملنے پر محکمہ جنگلات کی خصوصی ٹیم نے بھرپور کارروائی عمل میں لاتے ہوئے نہ صرف 60 ایکڑ سرکاری اراضی کا قبضہ چھڑوا کر محکمے کی تحویل میں لے لیا بلکہ غیر قانونی قبضے اور درختوں کی کٹائی میں ملوث 12 افراد کے خلاف تھانہ خیرپور سادات میں باقاعدہ ایف آئی آر بھی درج کروا دی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل فاریسٹ کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے ہمراہ چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں اور کسی بھی بااثر عنصر کو سرکاری املاک یا ماحول کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ جنگلات پنجاب قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے، جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ جنگلات کی زمین پر قبضے، درختوں کی غیر قانونی کٹائی یا کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع فاریسٹ ہیلپ لائن 1084 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔


