خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
اسسٹنٹ کمشنر تحصیل نورپور تھل شازیہ رحمان نے نورپور شہر کی مختلف دکانوں کا دورہ کیا اور ڈی سی ریٹ لسٹ کی دستیابی، اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی اور اوورچارجنگ کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ سرکاری نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں رکھیں، مقررہ قیمتوں پر معیاری اشیاء کی فروخت یقینی بنائیں اور صارفین کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام سے ناجائز منافع خوری اور اوورچارجنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنر شازیہ رحمان نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب عوامی ریلیف کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کا تساہل یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔


