سامارو ( رپورٹ بیورو چیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی
ضلع عمرکوٹ کی تحصیل سامارو میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب اور محنت کش طبقے کی کمر توڑ دی ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء عوام کی پہنچ سے باہر ہونے کے خلاف مزدوروں اور دیہاڑی دار محنت کشوں نے پیٹ پر اینٹیں باندھ کر نیشنل پریس کلب اور سامارو پریس کلب کے سامنے انوکھا احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے میں شریک محنت کشوں نے کہا کہ آٹا، دال، چاول اور گھی سمیت کھانے پینے کی ضروری اشیاء غریب افراد کی قوتِ خرید سے نکل چکی ہیں۔ ان کے مطابق چکیوں پر آٹا 7 ہزار روپے فی من فروخت ہو رہا ہے، جس کے باعث محنت کش دو وقت کی روٹی کے لیے بھی شدید پریشان ہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت پہلے 450 روپے فی لیٹر تھی جو کم ہو کر 326 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے، تاہم تیل کے نرخوں میں کمی کے باوجود روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ وہ بدستور بلند سطح پر برقرار ہیں۔ احتجاجی افراد نے شکوہ کیا کہ انتظامیہ مہنگائی کنٹرول کرنے کے بجائے غفلت کا شکار ہے۔محنت کشوں نے مزید کہا کہ 500 روپے یومیہ دیہاڑی کمانے والے مزدور کے لیے موجودہ مہنگائی میں گھریلو اخراجات پورے کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے، بچے فاقے کاٹنے پر مجبور ہیں اور محنت کش طبقے کی سننے والا کوئی نہیں۔مظاہرین نے حکومت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے، منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور غریب محنت کش طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے، بصورتِ دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔




