منچن آباد(رپورٹ :راشدڈھڈی)

بہاولنگر کے ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ نے رات گئے تحصیل منچن آباد کے تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی اور عملے کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے علاج معالجے، ادویات کی دستیابی اور ہسپتال کے عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں ہسپتال کے انتظامی اور طبی امور پر بریفنگ دی۔سید محمد عباس شاہ نے ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، ادویات کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال میں سروس ڈیلیوری کے معیار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام کو بہترین طبی سہولیات میسر آ سکیں۔


