کھٹمنڈو:ویب ڈیسک
منگل کی صبح نیپال کے مشرقی صوبے کوشی میں ریکٹر اسکیل پر 5.4 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے جھٹکے ہمسایہ ممالک بھارت، بھوٹان، چین اور بنگلہ دیش کے مختلف حصوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلے کا مرکز نیپال کے صوبہ کوشی کے علاقے لیلیپ (Lelep) کے قریب تھا، جبکہ بھارت کے نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی (NCS) کے مطابق اس کی گہرائی تقریباً 20 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 7 بج کر 17 منٹ (بھارتی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 02 منٹ) پر محسوس کیے گئے۔نیپال کے علاوہ بھارت کے مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں، بھوٹان، بنگلہ دیش اور چین کے بعض حصوں میں بھی زمین لرز اٹھی، جس سے شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ اس سے قبل منگل کی صبح 3 بج کر 39 منٹ پر بھارتی ریاست آسام کے ضلع کاربی آنگلونگ میں بھی 2.5 شدت کا ایک ہلکا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان زلزلوں سے تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔


