واشنگٹن ڈی سی :ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے شیڈو بینکنگ سسٹم کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 افراد اور 22 اداروں پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کی ویب سائٹ پر جاری سرکاری نوٹس کے مطابق محکمہ خزانہ نے ایران، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور ہانگ کانگ میں موجود ایران سے منسلک آٹھ افراد اور 22 اداروں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
فنانشل کرائمز انفورسمنٹ نیٹ ورک (فن سین) نے جنوری 2025ء سے اگست 2026ء کے درمیان 14.7 ارب ڈالر مالیت کی ایسی مشکوک مالی سرگرمیوں کی نشاندہی کی ہے جن کا براہِ راست تعلق ایران کے شیڈو بینکنگ نظام سے ہے۔
پابندیوں کی زد میں آنے والے اداروں میں ایرانی کرنسی اینڈ گولڈ ایکسچینج سینٹر بھی شامل ہے، جسے تین سال قبل ایران کے مرکزی بینک کی اجازت سے قائم کیا گیا تھا۔ امریکی حکام کے مطابق اگرچہ ایران کا شیڈو بینکنگ سسٹم بین الاقوامی تجارت سے حاصل ہونے والی رقوم کی منتقلی کا ذمہ دار ہے، تاہم ایرانی ایکسچینج سینٹر ایک ثالث اور سہولت کار کا کردار ادا کرتا ہے جو ان مالی وسائل کو ایران کے اندر ان کی آخری منزل تک پہنچانے میں مدد دیتا ہے۔حالیہ مہینوں میں مزید سخت کی جانے والی امریکی اقتصادی پابندیاں ایران کے خلاف جاری ’اقتصادی تنہائی‘ مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد دنیا بھر میں ایران کے مالی مفادات اور مالیاتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنانا ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کا ایران کے شیڈو بینکنگ سسٹم کیخلاف کریک ڈاؤن، 8 افراد، 22 اداروں پر نئی پابندیاں


