تل ابیب: تل ابیب کے گنجان آباد رہائشی علاقوں، عوامی پارکوں اور گلیوں میں جنگلی گیدڑوں کی غیر معمولی بڑھتی ہوئی تعداد نے مقامی شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔
شہریوں کے مطابق یہ جانور اب انسانوں سے خوفزدہ ہونے کے بجائے انتہائی نڈر ہو چکے ہیں اور راہگیروں کے انتہائی قریب آ کر ان کا پیچھا کرنے لگے ہیں۔
یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ علاقوں، بالخصوص زاہالا (Tzahala) اور نیوے شاریٹ (Neve Sharett) کے رہائشیوں نے شکایت کی ہے کہ سردیوں میں سورج جلد غروب ہونے کے باعث شام ڈھلتے ہی گیدڑوں کے غول رہائشی عمارتوں کے نیچے جمع ہو جاتے ہیں اور ان کی خوفناک آوازوں اور نقل و حرکت کی وجہ سے خاندانوں کا شام کے اوقات میں گھروں سے نکلنا محال ہو گیا ہے۔
گیدڑ روزانہ مقررہ اوقات میں ان کے گھر کے نیچے جمع ہو کر ایک ساتھ چیخنا چلانا شروع کر دیتے ہیں، جو انتہائی خوفناک منظر ہوتا ہے۔
متاثرہ شہریوں نے تل ابیب میونسپلٹی کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں میں اس سنگین مسئلے پر سنوائی کرنے والا کوئی موجود نہیں ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ رہائشی علاقوں سے جنگلی جانوروں کے خاتمے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ لوگ بلا خوف و خطر اپنے محلوں اور پارکوں میں نقل و حرکت کر سکیں۔


