چکوال (مہتاب نصیر اعوان سے)

دارالعلوم محمدیہ غوثیہ و مرکزی جامع مسجد بلال دیوالیاں میں سالانہ ضیاء الامت کانفرنس و جلسہ دستارِ فضیلت نہایت عقیدت، مذہبی جوش و جذبے اور احترام کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں مدرسہ کے 8 خوش نصیب طلبہ نے قرآنِ پاک حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرنے پر دستارِ فضیلت کا اعزاز حاصل کیا۔ روح پرور تقریب میں علماء کرام، مشائخ عظام، مذہبی و سماجی شخصیات، معززین علاقہ اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مدرسہ ہذا کے مہتمم قاری اصغر چشتی جبکہ محفل کے منتظم قاری رضوان چشتی کی زیرِ نگرانی کانفرنس اور جلسہ دستارِ فضیلت کے انتظامات مکمل کیے گئے۔ تقریب کی صدارت چکوال سے ڈاکٹر عبد الواحد الازہری نے کی، جبکہ دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف کے ترجمان ڈاکٹر نعیم الدین الازہری نے خصوصی خطاب کیا۔ پنڈدادنخان سے پیر محمد انور قریشی ہاشمی نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے خطاب فرمایا۔
جلسہ دستارِ فضیلت کے موقع پر قرآنِ پاک حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرنے والے آٹھ خوش نصیب طلبہ کو دستارِ فضیلت پہنائی گئی، جن میں حافظ محمد ریان ولد انتظار حسین ساکن ڈھوک مولا بخش جھاٹلہ، حافظ محمد ریحان ولد محمد ابراہیم ساکن چکوال، حافظ معاذ بشیر ولد فیصل بشیر ساکن تھرپال، حافظ محمد سعد ولد ملک تنویر احمد ساکن دیوالیاں، حافظ عبداللہ ریحان ولد رفاقت محمود ساکن دیوالیاں، حافظ طلحہ شہزاد ولد عتیق الرحمن ساکن دوہریاں، حافظ حسنین علی ولد ساجد نعیم ساکن دیوالیاں اور حافظ محمد کاشان ولد خاور علی ساکن ڈھوک آجڑی شامل ہیں۔ حفاظِ کرام کی دستاربندی کے موقع پر شرکاء نے خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔
تقریب میں مہمانانِ خصوصی سید سلطان شاہ ہمدانی چوآ سیدن شاہ، سید محمود انور شاہ سہگل آباد اور علامہ محمد ظفر اقبال کلیار بھیرہ شریف سمیت سینکڑوں علماء کرام، مختلف انجمنوں اور تحریکوں کے نمائندگان، علاقہ بھر کے سادات کرام، معززین علاقہ اور اہلِ علاقہ نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران مقررین نے قرآنِ مجید کی عظمت و فضیلت، حفظِ قرآن کی اہمیت، دینی مدارس کے تعلیمی و تربیتی کردار اور نئی نسل کی دینی، اخلاقی و روحانی تربیت کے حوالے سے تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔
مقررین نے کہا کہ قرآنِ کریم اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور انسانیت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے، اس کی تعلیمات کو زندگیوں میں اپنانا اور نئی نسل کو قرآن سے وابستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے حفاظِ کرام کی محنت، والدین کی قربانیوں اور اساتذہ کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ حفظِ قرآن کی سعادت نہ صرف بچوں بلکہ ان کے خاندانوں اور پورے معاشرے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے دینی مدارس کو قرآن و سنت کی تعلیم، اسلامی اقدار کے فروغ اور اخلاقی تربیت کے اہم مراکز قرار دیا اور ایسی دینی و روحانی تقریبات کے انعقاد کو معاشرے میں دینی شعور بیدار کرنے کے لیے اہم قرار دیا۔ جلسہ دستارِ فضیلت کے دوران حفاظِ کرام کو دستار پہنائے جانے کے روح پرور مناظر نے حاضرین کے دلوں کو مسرور کر دیا، شرکاء نے حفاظِ قرآن کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل، علم و عمل اور دین کی خدمت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام، امن و خوشحالی اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس کے بعد شرکاء کے لیے لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا۔


