لاہور (بے نقاب نیوز): مہنگائی کی مسلسل لہر نے عام آدمی اور کم آمدنی والے طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، جہاں دیگر بنیادی اخراجات کے بعد اب دو وقت کی روٹی کا حصول بھی غریب کی دسترس سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق 15 کلو آٹے کا تھیلا 2500 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جس نے متوسط اور غریب گھرانوں کی قوتِ خرید کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔
شہریوں اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دباؤ میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے حالات مزید سنگین بنا دیے ہیں۔ عوام کا سوال ہے کہ حکومتی رٹ کہاں ہے اور آٹے کی قیمتوں پر مؤثر نگرانی کے ساتھ ساتھ ریلیف فراہم کرنے کے دعوے عملی طور پر کب نظر آئیں گے۔
متاثرہ شہریوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے، پرائس کنٹرول نظام کو مؤثر بنایا جائے اور غریب سے روٹی کا آخری نوالہ چھننے سے بچانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

