ہنگورجا (رپورٹ: فیاض محسن سولنگی)

چیمبر آف ایگریکلچر کی اپیل پر ہنگورجا میں گنے کے کاشتکاروں نے سندھ حکومت کی زرعی پالیسیوں اور گنے کی مناسب سرکاری قیمت مقرر نہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں شریک آبادگاروں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاج کی قیادت عبدالسمیع بھنبھرو، گلشیر ڈاہری، الطاف ڈاہری، استاد نیاز احمد ڈایو، آفتاب احمد بھنبھرو اور کفایت جانوری نے کی۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کاشتکار رہنماؤں نے کہا کہ سندھ کا زرعی شعبہ پہلے ہی سنگین مسائل کا شکار ہے، جبکہ کاشتکاروں کے مفادات کو نظرانداز کرنے والی سرکاری پالیسیوں نے آبادگاروں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے تو دوسری جانب زرعی اخراجات میں مسلسل اضافے نے کاشتکاروں کی کمر توڑ دی ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بیج، کھاد، زرعی ادویات، ڈیزل، بجلی، ٹریکٹر کے کرایوں اور مزدوروں کی اجرت سمیت ہر چیز کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے۔ فصل کی تیاری، آبپاشی، دیکھ بھال اور کٹائی تک کاشتکاروں کو بھاری اخراجات برداشت کرنے پڑتے ہیں، مگر فصل فروخت کرتے وقت انہیں اپنی محنت اور سرمایہ کاری کے مطابق مناسب معاوضہ نہیں ملتا، جس کے باعث چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکار قرضوں کے بوجھ تلے دبنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جو دن رات محنت کر کے گندم، چاول، کپاس اور گنا جیسی فصلیں اُگاتے ہیں، لیکن افسوس کہ زرعی معیشت کو سہارا دینے والے آبادگار خود بدحالی کا شکار ہیں اور حکومتی عدم توجہ سے زراعت سے وابستہ افراد میں مایوسی بڑھ رہی ہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے پیش نظر گنے کی سرکاری قیمت کم از کم 700 روپے فی من مقرر کی جائے تاکہ کاشتکاروں کو محنت کا مناسب معاوضہ مل سکے اور وہ آئندہ فصلوں کی کاشت جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مناسب نرخ نہ ملنے سے زراعت کا شعبہ متاثر ہوگا جس کے اثرات مجموعی معیشت پر بھی پڑیں گے۔
آخر میں کاشتکار رہنماؤں نے وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر زراعت، چیف سیکریٹری سندھ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کرنے کا اعلان کیا جائے، گنے کی خریداری میں درپیش مسائل حل کیے جائیں اور آبادگاروں کی فصل کا مناسب معاوضہ یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ ضلعی اور صوبائی سطح تک بڑھایا جائے گا۔

