حافظ آباد :پنجاب کے شہر حافظ آباد پولیس نے سابق وزیر مملکت لیاقت بھٹی کے قتل کے مقدمے میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔
یاد رہے کہ پنجاب کے ضلع حافظ آباد کے تھانہ سٹی میں سابق وزیر مملکت چوہدری لیاقت عباس بھٹی کے قتل کے الزام میں ان کے چار ذاتی محافظوں سمیت 11 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اس مقدمے کی تفتیشی ٹیم میں شامل ایک اہلکار کے مطابق ان تینوں ملزمان کو خیبر پختونخوا کے علاقے ملاکنڈ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں اس مقدمے میں نامزد ملزمان بھی شامل ہیں۔
انھوں نے کہا کہ گرفتار ہونے والے افراد کے قبضے سے چھینی گئی تین گاڑیاں اور وہ اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے جو ملزمان نے لیاقت بھٹی کے قتل کے بعد جائے حادثہ سے لیکر فرار ہو گئے تھے۔پولیس اہلکار کے مطابق گرفتار ہونے والے افراد میں وہ سکیورٹی گارڈ بھی شامل ہے جو کچھ عرصہ پہلے مقتول لیاقت بھٹی کے ساتھ بطور سکیورٹی گارڈ ڈیوٹی کرتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں :
سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کی پراسرار موت، گلے پرنشان، گارڈز ذاتی اشیا، قیمتی گاڑیوں سمیت غائب، پولیس مصروف تفتیش
پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے جانے والے ملزمان کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد حافظ آباد منتقل کیا جائے گا۔اس مقدمے کے مدعی پنجاب اسمبلی کے رکن چوہدری ضمیر الحسن بھٹی ہیں جبکہ مقدمہ کی ایف آئی آر میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 302 (قتل) اور 395 (ڈکیتی) لگائی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق لیاقت عباس بھٹی کے قتل میں چار ملازمین شامل تھے جن میں سے دو کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ڈیڑھ سال سے بطور سکیورٹی گارڈ ملازمت کر رہے تھے۔
سابق وفاقی وزیر لیاقت بھٹی قتل کیس، تین نامزد ملزمان ملاکنڈ سے گرفتار، قیمتی گاڑیاں اسلحہ برآمد

