تہران :ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کے افزودہ یورینیم کے ذخائر ملک سے باہر نہیں بھیجے جائیں گے، تاہم اس معاملے پر موجود تنازع کا قابلِ قبول حل نکالنا ممکن ہے۔
ایران کے سرکاری اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عراقچی سے تقریباً 400 کلوگرام 60 فیصد افزودہ یورینیم کے مستقبل کے بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے کسی متفقہ فارمولے تک پہنچا جا سکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس معاملے میں ایران کی دو بنیادی ’سرخ لکیریں‘ ہیں: پہلی یہ کہ جوہری مواد ایران سے باہر منتقل نہیں کیا جائے گا، اور دوسری یہ کہ موجودہ ذخائر کو ایران کی ضروریات کے مطابق استعمال کیا جائے گا۔
عباس عراقچی کے مطابق مختلف ثالثوں نے متعدد تجاویز پیش کی ہیں جن میں سے بعض قابلِ غور ہیں، لیکن یورینیم کے ذخائر کا معاملہ دیگر متنازع نکات سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے بقول اس مسئلے کا حل ایک جامع پیکج معاہدے کے تحت ہی ممکن ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران کی جانب سے امریکہ سے پہلی توقع یہ ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ واضح طور پر یہ اعلان کریں کہ وہ معاہدہ چاہتے ہیں اور اعتماد سازی کے عملی اقدامات کریں تاکہ ایران کو مذاکرات میں واشنگٹن کی سنجیدگی کا یقین ہو سکے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور مذاکرات کے آغاز سے متعلق ایران کی دو روزہ تجویز اب بھی میز پر موجود ہے۔ ان کے مطابق اگر امریکہ مطلوبہ یقین دہانیاں فراہم کرے تو ایران اگلے روز آبنائے ہرمز کھول سکتا ہے اور مذاکرات شروع ہو سکتے ہیں۔
عباس عراقچی نے کہا کہ اس منصوبے پر عمل درآمد کے وقت کے حوالے سے ایران لچک رکھتا ہے، تاہم آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے تہران کی سات شرائط پوری ہونا ضروری ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان پیغامات کا تبادلہ قطری اور پاکستانی ثالثوں کے ذریعے جاری ہے، اور تہران کو امید ہے کہ ایسے معاہدے تک پہنچا جا سکتا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی یا جنگ کے دوبارہ آغاز کو روک سکے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ ایران کی جوہری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور تہران کا سرکاری مؤقف بدستور وہی ہے، اگرچہ جوہری نظریے میں ممکنہ تبدیلی پر اندرونِ ملک جاری بحث کو انھوں نے ایک سنجیدہ مسئلہ قرار دیا۔
ایرانی افزودہ یورینیم ملک سے باہر نہیں جائے گا،عباس عراقچی ایرانی وزیر خارجہ

