لاہور/کراچی: ملک میں مہنگائی کے ستائے عوام پر گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا بوجھ پڑنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سوئی ناردرن اور سوئی سدرن گیس کمپنیوں نے گیس کی اوسط قیمتوں میں بڑے اضافے کے لیے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو باضابطہ درخواستیں جمع کرا دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز (SNGPL) نے گیس کی اوسط قیمت میں 10 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی تجویز دی ہے، جس کے بعد موجودہ اوسط قیمت 1702 روپے سے بڑھ کر 1712 روپے 40 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ اس درخواست میں ایل این جی سروس کی لاگت کے اربوں روپے بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب، سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں نسبتاً بڑا اضافہ مانگا گیا ہے۔ کمپنی نے اوسط قیمت میں 366 روپے 75 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست دی ہے، جس کی منظوری کی صورت میں نئی اوسط قیمت 2071 روپے 75 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہو جائے گی۔
گیس کمپنیوں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ موسم سرما کے دوران مقامی گیس کی محدود دستیابی کے پیش نظر مہنگے ایل این جی کارگوز کا انتظام کرنا پڑتا ہے، جبکہ عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مجموعی لاگت میں اضافہ اس اضافے کی بنیادی وجوہات ہیں۔
اوگرا ان دونوں درخواستوں پر ضابطے کے مطابق عوامی سماعت کرے گا، جس کے بعد حتمی فیصلے اور نظرثانی شدہ ٹیرف کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔

