خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری سکولز خوشاب فیض الحسن ملک اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل نورپورتھل ظہیر عباس بھٹی نے کہا ہے کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان کی بھرپور تعلیم و تربیت کے لیے والدین اور اساتذہ کرام کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ظفر آباد رنگپور بگھور میں سالانہ پروقار تقریب تقسیم انعامات سے بطور مہمانان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کی صدارت ہیڈ ماسٹر ملک عابد اقبال نے کی جبکہ نقابت کے فرائض اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر ملک محمد امتیاز نسیم نے سر انجام دیے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سکاؤٹ سیکرٹری خوشاب ملک محمد خالد راہداری، ہیڈ ماسٹر ملک فضل عباس بگھور، نمبردار ملک شفقت حسین بگھور، سینئر صحافی ایم نوردین، ممبران سکول کونسل، مخیر حضرات اور طلبہ کے والدین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔تقریب کے دوران سکول کے طلبہ نے شاندار ٹیبلو شو، پرجوش تقاریب، مقابلہ بیت بازی اور ترنم کے ساتھ کلامِ اقبال پیش کر کے شرکاء سے خوب داد و تحسین وصول کی۔ مہمانانِ خصوصی نے صوبائی سکاؤٹنگ مقابلے اور صوبائی مقابلہ حسنِ قرات میں بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طالب علم محمد فضیل اور ان کے ساتھیوں کی بھرپور پذیرائی کی، اور اے ای او مرکز رنگپور ملک محمد امتیاز نسیم، ہیڈ ماسٹر ملک عابد اقبال سمیت جملہ سٹاف کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈی ای او خوشاب فیض الحسن ملک نے اپنے دورہِ ادارہ کے دوران کلاس ہشتم کے طلبہ کی خوبصورت ہینڈ رائٹنگ پر انچارج کلاس محمد شہزاد اقبال، اور اردو مضامین کے اساتذہ ملک جبار اقبال اور نور الہی کے لیے تعریفی اسناد کے اجراء کی ہدایت کی۔ جبکہ ڈپٹی ڈی ای او ظہیر عباس بھٹی نے تقریب میں بہترین کارکردگی پر انچارج پروگرام بزم ادب ملک محمد خالد ندیم راہداری کو سٹیج پر بلا کر شاباش دی۔ تقریب کے اختتام پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فیض الحسن ملک اور ڈپٹی ڈی ای او ظہیر عباس بھٹی نے سکول میں سٹاف اور مخیر حضرات کے تعاون سے نصب کیے جانے والے نئے واٹر فلٹریشن پلانٹ اور سولر پینل کا باضابطہ طور پر افتتاح کیا۔ قبل ازیں، مہمانانِ خصوصی کی آمد پر سکول کے سکاؤٹ دستے نے انہیں گارڈ آف انر پیش کیا۔آخر میں مہمانانِ گرامی نے پوزیشن ہولڈر محمد فضیل اور دیگر نمایاں کارکردگی کے حامل طلباء میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے، جبکہ اس شاندار ایونٹ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے پر سکول کے پورے سٹاف کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔


