لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور ایک بار پھر دنیا کے شدید ترین فضائی آلودگی کے حامل شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے، جہاں فضائی معیار کے اشاریے (AQI) نے خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی اوسط شرح 303 ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ شدید مضرِ صحت کی زمرے میں آتی ہے۔ تاہم شہر کے مرکزی اور پوش علاقے گلبرگ میں ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک ترین حد کو چھوتے ہوئے 639 تک جا پہنچا ہے، جس نے رہائشیوں اور وہاں سے گزرنے والے شہریوں کا سانس لینا دوبھر کر دیا ہے۔
ماحولیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ زہریلی دھند اور اسموگ کی یہ شدید لہر بالخصوص بچوں، بزرگوں اور سانس و دل کے مریضوں کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور باہر نکلتے وقت این-95 (N-95) ماسک کا استعمال لازمی بنائیں۔
دوسری طرف بدترین موسمی حالات کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ لاہور سے راولپنڈی منتقل کر دیا ہے۔دوسرا ٹیسٹ میچ 17 سے 21 نومبر تک لاہور میں کھیلا جانا تھا، تاہم موجودہ موسمی حالات کے پیشِ نظر یہ میچ راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ یہ فیصلہ لاہور میں سموگ کی بڑھتی ہوئی سطح کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، جس کے باعث دوسرے ٹیسٹ میچ کو راولپنڈی منتقل کرنا پڑا۔
اب یہ میچ 17 سے 21 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب ماحولیاتی تحفظ کے اداروں اور انتظامیہ کی جانب سے آلودگی کا باعث بننے والے ذرائع کے خلاف مانیٹرنگ اور کنٹرول کی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم ہوا کی موافق سمت نہ ہونے کے باعث صورتحال تاحال تشویشناک بنی ہوئی ہے۔

