اسلام آ باد :اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو 10 اور 11 نومبر 2026 کی درمیانی شب راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے طبی معائنے اور آنکھ کے علاج کے فالو اپ کے لیے پمز منتقل کیا گیا۔
پمز کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آنکھوں کے معالج کی ہدایت پر عمران خان کا طبی معائنہ کیا گیا جس میں آنکھوں کا جائزہ بھی شامل تھا۔
پمز کے اعلامیے میں تحریر ہے کہ معائنے کے دوران عمران خان کی اہم جسمانی علامات معمول کے مطابق پائی گئیں، ان کی حالت بھی مستحکم تھی اور عمومی جسمانی معائنہ بھی معمول کے مطابق تھا۔
اعلامیے کے مطابق مریض کی رضا مندی حاصل کرنے اور معیاری طبی نگرانی، احتیاطی تدابیر اور طبی پروٹوکول اختیار کرنے کے بعد ماہرینِ امراضِ چشم کی ٹیم نے ان کی آنکھ میں انٹرا وٹریئل اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن لگایا۔
واضح رہے کہ اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن عموماً ریٹینا اور بینائی سے متعلق بعض بیماریوں کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، تاہم پمز کے اعلامیے میں عمران خان کی تشخیص کی تفصیل بیان نہیں کی گئی۔
پمز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں قیام کے دوران عمران خان کی طبی حالت طریقۂ علاج سے قبل، دورانِ علاج اور بعد میں مستحکم رہی۔
اعلامیے کے مطابق انھیں تقریباً رات ڈھائی بجے عمران خان کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا اور آئندہ نگہداشت اور فالو اپ علاج سے متعلق ضروری ہدایات بھی فراہم کی گئیں۔
پمزہسپتال میں عمران خان کا رات گئے طبی معائنہ، آنکھ میں انجکشن لگا کر ڈسچارج کردیاگیا

