عمرکوٹ (بیورو رپورٹ: ڈاکٹر ایم لال واگھانی):
ضلع عمرکوٹ کے شہر شادی پلی کے ہائی سیکنڈری اسکول کے باصلاحیت طلبہ نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور فنی مہارتوں کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے شادی پلی ریلوے اسٹیشن کی تاریخی عمارت اور ‘ماروی پسنجر ٹرین’ کے خوبصورت اور دلکش ماڈلز تیار کر لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، یہ منفرد کارنامہ کلاس نہم کے طلبہ کاشف علی اور ماجد علی جبکہ کلاس ہشتم کے طالب علم محمد علی نے مشترکہ محنت، ذہانت اور تخلیقی سوچ کے ذریعے انجام دیا ہے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یہ تینوں ہونہار طلبہ ریٹائرڈ ریلوے ملازم محمد بچل کے صاحبزادے ہیں، جنہوں نے اپنے فن کے ذریعے شادی پلی ریلوے اسٹیشن اور ماروی پسنجر ٹرین سے اپنی گہری محبت اور وابستگی کا انوکھا اظہار کیا ہے۔
طلبہ نے میڈیا کو بتایا کہ یہ ماڈلز ‘سندھ ایکسٹریم پروگرام’ کے لیے تیار کیے گئے ہیں، جن میں شادی پلی ریلوے اسٹیشن کی عمارت اور ماروی پسنجر ٹرین کے منظر کو نہایت مہارت اور خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
طلبہ کی یہ کاوش نہ صرف ان کی انتھک محنت اور تعلیمی دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے، بلکہ نوجوان نسل میں چھپی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور فروغ دینے کا ایک بہترین ذریعہ بھی ہے۔ ایسے باصلاحیت طلبہ تحسین کے مستحق ہیں جو اپنے فن کے ذریعے اپنے شہر شادی پلی کی خوبصورت پہچان کو روشناس کرا رہے ہیں۔


