بہاولپور:سابق وفاقی وزیرِ اطلاعات محمد علی درانی نے آج سے صوبہ بہاولپور کی بحالی اور ملک بھر میں نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی کے لیے باقاعدہ مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد علی درانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے نئے صوبوں اور مقامی حکومتوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ بہاولپور کو صوبہ بنانے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں پہلے ہی متفقہ طور پر منظور ہو چکی ہے، اس لیے حکومت بہاولپور اور ہزارہ صوبے کو فوری طور پر تشکیل دے۔ سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انتظامی بنیادوں پر پورے ملک میں نئے صوبے قائم ہونے چاہئیں اور جو سیاسی جماعتیں عوام کی اس دیرینہ ضرورت اور نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کریں گی، ان کا سیاسی وجود ختم ہو جائے گا۔

