لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے نمٹنے کے لیے ایک اور اہم پیشرفت کرتے ہوئے پاکستان کے پہلے فل الیکٹرک سوئیپر ٹرک (Full Electric Sweeper Truck) کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعلیٰ نے الیکٹرک سوئیپر ٹرک کا تفصیلی معائنہ کیا، جبکہ حکام نے انہیں پراجیکٹ کی کارکردگی اور فائدے سے متعلق جامع بریفنگ دی۔ یہ الیکٹرک میکنیکل سوئیپر ٹرک ابتدائی طور پر لاہور رنگ روڈ پر صفائی، سڑک کی دھلائی اور گرد و غبار ہٹانے کے فرائض انجام دے گا۔
پاکستان میں پہلی بار یہ خصوصیت شامل کی گئی ہے کہ الیکٹرک سوئیپر/برومر سڑک کو صاف کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں موجود کھڑے پانی کو بھی جذب اور صاف کرے گا۔
یہ جدید سوئیپر ایک بار مکمل چارج ہونے کے بعد 70 کلومیٹر کی رینج میں مسلسل صفائی کا کام انجام دے سکتا ہے۔
الیکٹرک گاڑی ہونے کی وجہ سے اس سے کاربن کا اخراج صفر ہوگا، جس سے فضائی آلودگی اور سموگ کی شرح کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
سوئیپر کی وجہ سے سڑک پر گرد و غبار کے اڑنے کا خاتمہ ہوگا اور روایتی انجن نہ ہونے کی وجہ سے شور سے پیدا ہونے والی سمعی آلودگی (Noise Pollution) بھی نہیں ہوگی۔
سوئیپر کے مکمل طور پر الیکٹرک ہونے سے ڈیزل و فیول کی مد میں ہونے والے کروڑوں روپے کے اخراجات کے ساتھ ساتھ گاڑی کی مرمت و دیکھ بھال کے اخراجات بھی ختم ہو جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جدید اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہی پنجاب کو صاف ستھرا اور سموگ سے پاک بنایا جا سکتا ہے، اور ایسے اقدامات کو صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی پھیلایا جائے گا۔

