نئی دہلی/واشنگٹن:
معروف بھارتی فلم ساز اور ہدایتکار روہت شیٹی کے ممبئی گھر کے باہر فائرنگ کے واقعے اور بالی ووڈ شخصیات کو دھمکیاں دینے والے مرکزی ملزم کو امریکہ میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق، لارنس بشننوئی گینگ کے اہم کارندے اور مطلوبہ ملزم ہیری باکسر (اصل نام: ہری چند جاٹ) کو امریکی حکام نے ریاست کیلیفورنیا سے گرفتار کیا ہے۔ یہ کارروائی دہلی پولیس کے اسپیشل سیل اور ہریانہ ٹاسک فورس (STF) کی جانب سے فراہم کردہ مصدقہ معلومات اور ان پٹس کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔
رپورٹس کے مطابق، رواں سال یکم فروری کو ممبئی کے علاقے جوہو میں معروف فلم ساز روہت شیٹی کی رہائش گاہ کے باہر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کی تھی۔ اس حملے کے بعد لارنس بشننوئی گینگ سے جڑے اس کارندے نے سوشل میڈیا اور آڈیو پیغام کے ذریعے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی اور بالی ووڈ کی مختلف شخصیات کو سنگین دھمکیاں دی تھیں۔
ملزم ہیری باکسر پر بھارت کی مختلف ریاستوں (دہلی، راجستھان، پنجاب اور ہریانہ) میں قتل، اقدامِ قتل، جبراً وصولی (بھتہ خور) اور فائرنگ کے کئی سنگین مقدمات درج ہیں۔ وہ امریکہ میں بیٹھ کر گینگ کا بین الاقوامی نیٹ ورک آپریٹ کر رہا تھا۔
بھارتی سیکورٹی ایجنسیوں اور وزارتِ خارجہ نے ملزم کو بھارت لانے کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ اسے عدالتی کٹہرے میں لایا جا سکے۔ سیکورٹی ماہرین کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر متحرک گینگسٹر نیٹ ورک کے خلاف اس گرفتاری کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

