لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ پروگرام ‘اپنی چھت، اپنا گھر’ نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں، جس کی پذیرائی اب عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ سکیم کے تحت 17 لاکھ سے زائد افراد پورٹل پر رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ 1 لاکھ 28 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر مکمل کی جا چکی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی خصوصی اجلاس میں پراجیکٹ کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے تمام اہداف کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی سخت ہدایت کی۔
یادرہے ‘اپنی چھت، اپنا گھر’ سکیم کے تحت 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد آسان قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ 1 لاکھ 71 ہزار 597 افراد کو قرضے کی دوسری قسط بھی منتقل کی جا چکی ہے۔
سکیم کے تحت 1,28,718 گھر مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ 62,600 گھر تیزی سے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔
قرضوں کی واپسی کی شرح 97.6 فیصد کے ساتھ تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جس کے تحت اب تک 22.29 ارب روپے کی اقساط وصول ہو چکی ہیں۔
سکیم کو ملنے والی بے مثال پذیرائی کے پیشِ نظر حکومت نے نئی درخواستیں طلب کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اجلاس میں ‘اپنی چھت، محفوظ چھت’ سکیم کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا جس کے مطابق اس سکیم کے تحت درخواستیں وصول کرنے کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔3,055 درخواست دہندگان کو 1 ارب 21 کروڑ 60 لاکھ روپے کے لون جاری کیے گئے ہیں۔اس اقدام کے تحت 532 گھروں کی جدید تعمیر و توسیع کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کا ہر بے گھر خاندان اپنی ذاتی چھت کا حقدار ہے اور حکومت شہریوں کو آسان اقساط پر چھت فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل فراہم کرتی رہے گی۔

