عمرکوٹ (بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی):
سامارو ٹاؤن کے گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری اسکول میں دیوالی کی خوشی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت اسکول کی سینئر ہیڈ مسٹریس آپا نعیمہ بشریٰ آرائیں اور ہیڈ ماسٹر محمد سعید آرائیں نے کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز طلبہ کی جانب سے ہاتھوں میں ’’ہیپی دیوالی‘‘ کے پلے کارڈز اٹھا کر اور موم بتیاں روشن کرکے کیا گیا، جس سے پورا ماحول جوش و خروش اور خوشیوں سے گونج اٹھا۔ تقریب کا سب سے دلکش اور قابلِ ذکر لمحہ اس وقت سامنے آیا جب کم عمر طالب علم نریش میگھواڑ نے سندھ کے مایہ ناز شاعر استاد بخاری کا انسانیت اور امن کے موضوع پر مشہور بیت ’’بڻايون ڪو سک جو سنسار‘‘ انتہائی سریلی آواز اور خوبصورت انداز میں پیش کیا، جسے تقریب میں موجود تمام شرکاء اور حاضرین نے بھرپور تالیوں سے سراہا۔
اس موقع پر ہیڈ ماسٹر محمد سعید آرائیں نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تعلیمی اور ثقافتی پروگرام معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے معاشرے میں امن، برداشت، پیار اور محبت کے جذبات پروان چڑھتے ہیں جو کہ ہمارے ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔
تقریب کے آخر میں ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ مجموعی طور پر یہ تقریب دیوالی کی خوشیوں کے ساتھ ساتھ انسانیت، محبت اور مذہبی ہم آہنگی کا ایک بہترین اور روشن پیغام چھوڑ گئی۔

