اٹک/لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اٹک کا ایک روزا مصروف دورہ کیا جہاں انہوں نے تاریخی ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے ساتھ ساتھ تعلیم اور پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اہم انقلابی اقدامات کا آغاز کیا۔ اٹک کے مرکزی بازار ‘پیڈر لین’ آمد پر ہزاروں شہریوں، تاجروں اور نوجوانوں نے ان کا منوں پھول نچھاور کر کے، روایتی ڈاچی ناچ اور ڈھول کی تھاپ پر والہانہ اور تاریخی استقبال کیا۔
مریم نواز حسن ابدال میں عوام کے درمیان . اٹک کے بعد حسن ابدال میں عوام کا سمندر. پورا شہر اُمڈ آیا. مریم نواز شریف کی محبت میں حسن ابدال میں مسلمان اور سکھ برادری کے نوجوان بچے خواتین بزرگ مریم نواز شریف کی محبت میں یکجا. مریم نواز شریف حسن ابدال کی سڑکوں پہ بچوں ، خواتین ، نوجوانواں بزرگوں کی بے مثال محبتیں سمیٹنے ہوئے.
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) November 3, 2026
شہر کی سڑکیں اور وزیراعلیٰ کی گاڑی گلاب کی پتیوں سے بھر گئیں، جبکہ خواتین اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں رالی کی شکل میں شرکت کی۔ اٹک کے مرکزی بازار کو جدید ٹف ٹائلز، برقی قمقموں اور شہریوں کے لیے لائبریری بوتھ کے قیام سے جدید شکل دے دی گئی ہے۔
عوام کو جدید، ارام دہ اور ماحول دوست سفر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنی خصوصی دعوت پر طلبہ کے ہمراہ گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
انہوں نے خود الیکٹرو بس کا معائنہ کیا اور اس کے مختلف فیچرز کا جائزہ لیا۔ ابتدائی فیز کے تحت اٹک شہر کے تین مختلف روٹس پر 15 جدید بسیں فعال کر دی گئی ہیں، جس سے طالب علموں اور عام شہریوں کو سستے اور معیارِ زندگی سے ہم آہنگ سفر کی سہولت میسر آئے گی۔
کامسٹس یونیورسٹی میں ہونہار سکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب
اٹک میں کامسٹس (COMSATS) یونیورسٹی آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعلیٰ پنجاب کو جنرل سلامی پیش کی۔ اس پروقار تقریب میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے راولپنڈی ڈویژن کے پوزیشن ہولڈر اور مستحق طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپس اور ہونہار سکالرشپ کے چیک تقسیم کیے۔
تقریب میں خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے طلبہ بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے 3,600 طلبہ کو بھی پنجاب حکومت کی طرف سے ہونہار سکالرشپ دیا جا رہا ہے۔ خیبر پختونخوا کے طلبہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک سمسٹر کی دو لاکھ روپے کے قریب بھاری فیس کی ادائیگی اسی سکالرشپ کے باعث ممکن ہو سکی ہے۔ طلبہ نے وزیراعلیٰ کو دستکاری تحائف، پورٹریٹ اور خاکے بھی پیش کیے۔
راولپنڈی ڈویژن میں کل 6,161 لیپ ٹاپس تقسیم کیے گئے، جن میں سے 628 سرکاری جامعات، 257 نجی جامعات، 461 میڈیکل کالجز، 375 نرسنگ کالجز، 17 سپیشل ایجوکیشن کے اداروں اور 423 ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کالجز کے طلبہ کو ملے۔
ہونہار سکالرشپ پروگرام کے تحت راولپنڈی ڈویژن کے طلبہ میں مجموعی طور پر 19 کروڑ 69 لاکھ 70 ہزار روپے کی مالیت کے 2,590 تعلیمی وظائف تقسیم کیے گئے۔ ان میں سے سرکاری جامعات کے طلبہ کے لیے 17 کروڑ 2 لاکھ 10 ہزار روپے کے 2,085 وظائف، میڈیکل کالجز کے طلبہ کے لیے 1 کروڑ 98 لاکھ روپے کے 314 وظائف، جبکہ ہائر ایجوکیشن کالجز کے لیے 69 لاکھ 60 ہزار روپے کے 191 وظائف شامل ہیں۔
پنجاب حکومت نے ہونہار طلبہ کے لیے لیپ ٹاپس کی کل تعداد 40,000 سے یکمشت بڑھا کر 1,12,000 کر دی ہے، اور صوبے کے مختلف اضلاع میں اب تک 48,292 لیپ ٹاپس تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

