شہدادپور: پولیس ٹریننگ کالج شہدادپور میں پروبیشنر اسسٹنٹ سب انسپکٹر (ASI) کورس مکمل کرنے والے اہلکاروں کی الوداعی تقریب کے سلسلے میں ایک شاندار میس نائٹ اور میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا۔
اس پروقار تقریب کا انعقاد پرنسپل و ایس ایس پی ٹریننگ کالج آصف احمد بگھیو کی جانب سے کیا گیا۔ تقریب کے دوران زیرِ تربیت اہلکاروں کے لیے خصوصی طور پر بڑے کھانے (اجتماعی عشائیہ) کا اہتمام کیا گیا، جبکہ میوزیکل نائٹ میں اہلکاروں نے بھرپور حصہ لیا جس میں گلوکاری، شاعری اور مزاحیہ خاکے شامل تھے۔
تقریب کے اختتام پر سندھ کے معروف صوفی گلوکار مانجھی فقیر نے اپنے خوبصورت صوفیانہ کلام پیش کرکے محفل کو چار چاند لگا دیے اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ محفل موسیقی کے دوران نوجوان اہلکار جوش میں جھومتے رہے اور کورس کے کامیاب اختتام پر بھنگڑے ڈال کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ تقریب میں خواتین اہلکاروں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر پرنسپل ٹریننگ کالج آصف احمد بگھیو نے پاس آؤٹ ہونے والے پولیس اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا:
"مجھے مکمل امید ہے کہ آپ اپنی فیلڈ میں حاصل شدہ تربیت کا بہتر استعمال کرتے ہوئے امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں اپنا فعال کردار ادا کریں گے اور ہمیشہ مظلوم عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے۔”

