اسلام آباد :ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمت میں بڑا اضافہ،فی کلو قیمت 14 روپے 73 پیسے بڑھا دی گئی،اوگرا نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نومبر کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، جس کے تحت فی کلوگرام قیمت میں 14 روپے 73 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ گھریلو سلنڈر 173 روپے 86 پیسے مہنگا ہوگیا ہے۔
اوگرا کے نوٹی فکیشن کے مطابق ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 3 ہزار 470 روپے 9 پیسے مقرر کی گئی ہے، جو اکتوبر میں 3 ہزار 296 روپے 23 پیسے تھی۔
ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا۔
اوگرا اور وزارت پیٹرولیم کے تیارکردہ ایل پی جی کا نیا فارمولا کے مطابق یکم نومبر سے ایل پی جی کی قیمت سعودی آرامکو کے ریٹ کی بجائے امپورٹ کی لاگت پر مقرر ہوگی پرانا ریٹ 279 روپے 34 پیسے فی کلو تھا. نئے فارمولے کے بعد کراچی میں قیمت 400 سے 450 روپے فی کلو تک جانے کا امکان ہے. مارکیٹ میں پہلے ہی لاہور میں 600 روپے، مری میں 750 روپے اور گلگت میں 800 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے. پی ایس او، پارکو اور ایس ایس جی سی نے یکم نومبر سے امپورٹ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سردیوں کے آغاز سے پہلے ہی ایل پی جی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ گھریلو بجٹ پر اضافی بوجھ بن رہا ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

