وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں پاکستان کے پاسپورٹ نظام میں اصلاحات، عالمی رینکنگ اور مختلف ممالک کے ساتھ ویزا فری سفری سہولیات سے متعلق اہم پیشرفت کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگلے چھ ماہ کے اندر 25 ممالک کے ساتھ ویزا فری انٹری کے معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی جس سے گرین پاسپورٹ کی بین الاقوامی رینکنگ میں واضح بہتری آئے گی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کینیا، سوئٹزرلینڈ اور اٹلی کے ساتھ بلیو پاسپورٹ کے حوالے سے معاہدے حتمی مراحل میں ہیں، جبکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ویزا فری انٹری کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور قطر کے ساتھ بھی جلد معاہدہ طے پا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر شفافیت قائم کرنے اور کسی بھی قسم کی جعل سازی کے خاتمے کے لیے ملک کو جلد مکمل طور پر ای-پاسپورٹ نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے دوران بلیو پاسپورٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے انکشاف کیا کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق غیر ملکی ممالک بلیو پاسپورٹس کی محدود تعداد کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اگر ان پاسپورٹس کی تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر جائے تو ویزا فری سہولت منسوخ کر دی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں بلیو پاسپورٹس کی تعداد 70 ہزار تک پہنچ گئی تھی جس کے باعث اب تک 22 ہزار بلیو پاسپورٹس منسوخ کیے جا چکے ہیں اور نئے اجرا پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تاہم موجودہ ارکانِ اسمبلی و سینیٹ کو صرف ان کی آئینی مدت کے لیے ہی یہ پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔
ملک بھر میں بلیو پاسپورٹس کی تعداد کتنی? ویزا فری انٹری، وزیرداخلہ محسن نقوی نے قائمہ کمیٹی کو اہم پیشرفت سے آگاہ کردیا

