میاں چنوں (بینقاب نیوز رپورٹر عاصم کمال)
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خانیوال محمد عابد سے قومی کرکٹ ٹیم میں سلیکٹ ہونے والے خانیوال کے نوجوان ابھرتے ہوئے کرکٹر عمران رندھاوا نے ملاقات کی۔اس موقع پر ڈی پی او خانیوال محمد عابد نے عمران رندھاوا کا پھولوں کے گلدستے سے شاندار استقبال کیا اور انہیں قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اور ڈیبیو کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران ڈی پی او خانیوال کی جانب سے خانیوال پولیس کی طرف سے مہمانِ اعزاز کو یادگار اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ڈی پی او محمد عابد نے اس بات کا اظہار کیا کہ عمران رندھاوا کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت پورے خانیوال کے لیے انتہائی فخر کی بات ہے، اور ان کی یہ شاندار کامیابی علاقے کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کرکٹر کے روشن مستقبل، بہترین صحت اور مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وہ اپنی محنت، لگن اور صلاحیتوں سے پاکستان کا نام عالمی سطح پر مزید روشن کریں گے۔



