سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں "وزیر اعلیٰ پنجاب پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم” کے حوالے سے ایک اہم سیمینار منعقد ہوا۔ تقریب میں سیکرٹری معدنیات پنجاب پرویز اقبال بٹ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد اویس مشتاق، اور ڈائریکٹر جنرل معدنیات فاروق رشید نے خصوصی شرکت کی، جبکہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے نائب صدر جہانگیر رشید کی قیادت میں کاروباری برادری کے نمائندوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری معدنیات پرویز اقبال بٹ نے سکیم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ اس سکیم کے تحت کاروباری افراد کو 50 لاکھ روپے سے 5 کروڑ روپے تک کے بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قرضے کے حصول کے لیے درخواست جمع کرانے اور اس کی منظوری کا پورا عمل آن لائن رکھا گیا ہے، اور درخواست منظور ہونے کے بعد صرف تین ہفتوں کے اندر قرضہ فراہم کر دیا جائے گا۔پرویز اقبال بٹ کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کی کاروباری برادری برآمدات کے شعبے میں اپنے وسیع تجربے اور مہارت کی بدولت پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن اور پراسیسنگ میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ حکومتِ پنجاب نے پنک سالٹ کو خام حالت میں برآمد کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے تاکہ ویلیو ایڈیشن کے ذریعے ملکی برآمدات میں اضافہ اور قیمتی زرِ مبادلہ کمایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پنک سالٹ پراسیسنگ کے کاروبار میں 46 فیصد تک منافع کی گنجائش موجود ہے، اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والے تمام کاروباری افراد کو جدید تقاضوں کے مطابق کاروبار شروع کرنے اور اسے بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچانے کے لیے ہر مرحلے پر مکمل تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس سکیم کا بنیادی مقصد 200 سے زائد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کو پنک سالٹ کی پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن سے منسلک کرنا ہے، جس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔سیمینار کے آخر میں سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں کاروباری برادری نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور قرضوں کے حصول، آن لائن درخواستوں، تکنیکی معاونت اور پنک سالٹ پراسیسنگ سے متعلق سوالات پوچھ جن کے متعلق حکام نے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔


