پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپننگ بلے باز صائم ایوب کو سہ ملکی سیریز کے بقیہ میچز کے لیے قومی ون ڈے اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔
صائم ایوب نے اپنی بیٹنگ فارم میں بہتری لانے اور کھویا ہوا اعتماد بحال کرنے کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق صائم ایوب نے اپنی موجودہ بیٹنگ فارم کو بہتر بنانے اور میدان میں اعتماد کی بحالی کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
اس سلسلے میں انہوں نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ سے بھی بات چیت کی اور اسکواڈ سے الگ ہو کر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی درخواست پیش کی۔
پی سی بی کے مطابق صائم ایوب کی درخواست پر ٹیم مینجمنٹ اور قومی سلیکشن کمیٹی نے غور کرنے کے بعد اسے منظور کر لیا، جس کے نتیجے میں انہیں سہ ملکی سیریز کے بقیہ میچز کے لیے قومی ون ڈے اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔
اب صائم ایوب ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لے کر اپنی بیٹنگ پر توجہ مرکوز کریں گے تاکہ فارم میں بہتری لانے کے ساتھ اعتماد بھی بحال کر سکیں۔

