ریاض: سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز نے حوثیوں کی جانب سے کیے جانے والے ایک بڑے فضائی حملے کو کامیابی سے ناکام بناتے ہوئے متعدد میزائل اور ڈرون فضا میں ہی تباہ کر دیے ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق حوثی ملیشیا کی جانب سے چند گھنٹوں کے دوران سعودی عرب کے مختلف علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے مجموعی طور پر 11 بیلسٹک میزائل اور ڈرون داغے گئے۔ سعودی فضائی دفاعی نظام نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے ان تمام حملوں کو ہوا میں ہی روکا اور تباہ کر دیا۔تاہم، فضا میں میزائلوں کو تباہ کیے جانے کے بعد ان کے باقیات اور ملبہ رہائشی علاقوں میں گرنے کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان کی بھی اطلاعات ہیں۔ اس کارروائی کے دوران دو افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ میزائل کے ٹکڑے گرنے سے 3 رہائشی مکانات اور 7 گاڑیاں شدید متاثر ہو کر تباہ ہو گئی ہیں۔حکام کی جانب سے خطے میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کر دیے گئے ہیں اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
سعودیہ نے حوثیوں کے 11 میزائل حملے ناکام بنا دیے، ملبہ گرنے سے 2 افراد زخمی، متعدد مکانات اور گاڑیاں تباہ

