بھریا سٹی(مجاہد علی مغل)
نوشہروفیروز کے علاقے خانواہن کے قریب گاؤں پیر قرارو میں شادی کی ایک تقریب اس وقت قیامت خیز ماتم میں بدل گئی جب اندھا دھند ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک 15 سالہ معصوم لڑکی موت کے منہ میں چلی گئی۔خوشی کے موقع پر کی جانے والی ہوائی فائرنگ کی زد میں آ کر الکا پروین دختر روشن علی کلہوڑو شدید زخمی ہو گئی، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئی۔اس دل دہلا دینے والے واقعے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ چکی ہے، جس نے شادی بیاہ کی تقریبات میں قانون کی دھجیاں اڑانے اور فائرنگ کے اس جان لیوا رجحان پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس اور سوگوار فضا پھیل گئی ہے، تاہم پولیس کی جانب سے ملزمان کے خلاف کارروائی کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔


