تلمبہ (رانا فیصل)
عبدالحکیم کی بستی نظام آباد میں ایک قیامت خیز اور ہلا دینے والے واقعے نے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل دیا ہے، جہاں نامعلوم وجوہات کی بنا پر گھر آئے ایک مہمان کو تیز دھار آلے سے ذبح کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ذرائع کے مطابق میاں چنوں کا رہائشی مہمان بستی نظام آباد کی گلی نمبر 2 میں واقع چوہدری عمران کے گھر آیا ہوا تھا۔ دورانِ مہمانداری کسی تلخ کلامی یا ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر مہمان کو بیدردی سے ذبح کر ڈالا گیا، جو موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ کا رخ کیا اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے بروقت اور سخت کارروائی کرتے ہوئے گھر کے مالک چوہدری عمران اور اس کی بیوی کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کے محرکات اور حقائق جاننے کے لیے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔


