راولپنڈی :آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ عوامی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دے گا۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا ہے، پشاور آمد پر کور ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر کمانڈر پشاور کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شاندار استقبال کیا، جہاں انہیں خیبرپختونخواہ کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی کے لیے جاری آپریشنز اور سرحدی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ دورے کے دوران آرمی چیف کو صوبے میں تعینات تمام فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے ہدایت کی کہ دہشت گردی کے خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ہر وقت چوکس رہنے اور اپنی اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ آرمی چیف نے بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی عوام، سکیورٹی فورسز کے شہدا اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ پاکستان دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست سے دوچار کرے گا۔
عوامی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

