لاہور (خصوصی رپورٹ): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی خصوصی ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران عوام کو سستے آٹے اور اشیائے خوردونوش کی باآسانی فراہمی کے لیے تاریخ ساز فیصلے کرتے ہوئے صوبے بھر میں 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور اب مارکیٹ میں صرف 10 کلوگرام کا آٹا بیگ ہی لایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے گندم اور آٹے کی دیگر صوبوں میں سمگلنگ کی روک تھام کے لیے بین الصوبائی سرحدوں کی انتہائی کڑی نگرانی کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اہم فیصلے صوبے بھر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بند کرکے صرف 10 کلو بیگ متعارف کرانے، گندم کی بوائی کے اہداف مکمل کرنے، سرکاری اراضی پر گندم کاشت کرنے اور سمگلنگ روکنے کیلئے بارڈرز کی کڑی نگرانی کا حکم۔ رمضان میں کیلا، سیب اور کھجور کی کنٹرول نرخ پر دستیابی، منڈی مارٹس کے قیام، قیمت ایپ کی اپ گریڈیشن، آف سیزن پھلوں اور سبزیوں کیلئے ڈی ہائیڈریشن پراجیکٹ اور کھلے دودھ کی محفوظ فروخت یقینی بنانے کی بھی ہدایت۔
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) October 23, 2026
اجلاس کے دوران صوبے میں اشیائے خوردونوش اور بنیادی اجناس کی قیمتوں کے تقابلی جائزے پر تفصیلی بریفنگ پیش کی گئی، جس میں انکشاف کیا گیا کہ 10 بنیادی اشیاء کے نرخوں میں 252 فیصد تک کی ریکارڈ کمی دیکھی گئی ہے اور بیشتر اشیاء و دالوں کی قیمتیں مستحکم ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پرائس کنٹرول کے لیے ”قیمت ایپ“ کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی اور ہدایت کی کہ ہر ڈپٹی کمشنر اپنے ضلع میں گندم کی بوائی کے ہدف کو ہر صورت پورا کرے۔ اس فیصلے کے تحت سرکاری اراضی کے علاوہ نمبردار، گھوڑی پال سکیم، اور اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم کے تحت الاٹ کی گئی تمام اراضیات پر صرف اور صرف گندم کی کاشت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اجلاس میں آنے والے ماہِ رمضان المبارک کی پیشگی تیاریوں کے تحت سیب، کیلا اور کھجور کی کنٹرول نرخوں پر دستیابی کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی، اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو کولڈ سٹوریجز میں ان کی ضرورت کے مطابق ذخیرہ اندوزی یقینی بنانے کا پابند کیا گیا۔ اس کے علاوہ پنجاب میں پہلی بار ”ٹرانسفارمنگ مارکیٹ ویسٹ ان ٹو ویلتھ“ منصوبہ، آف سیزن سبزیوں کے لیے پامرا (PAMRA) کا ڈی ہائیڈریشن پراجیکٹ، کاہنہ میں صوبے کا پہلا منڈی مارٹ اور کھلے دودھ کی حفظانِ صحت کے مطابق فروخت کا مؤثر ریگولیٹری فریم ورک منظور کیا گیا۔
گوادر میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر وزیراعلیٰ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے گوادر میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے اور ان کے خلاف کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کرک میں دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی عمران الدین، ایس ایچ او افضل اعوان، اور پولیس اہلکار امجد علی و کاظم کی عظیم قربانی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ مزید برآں، صوبے میں اوور سپیڈنگ کے باعث ہونے والے ٹریفک حادثات پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے فوری رپورٹس طلب کیں اور تیز رفتاری پر سخت ترین قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کی۔

