سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے تحصیل ڈسکہ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال (THQ) ڈسکہ میں طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا باریک بینی سے جائزہ لیا، جبکہ ‘ستھرا پنجاب’ مہم کے تحت جاری صفائی آپریشنز کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کی سخت ہدایات جاری کیں۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں سے براہ راست گفتگو کرکے علاج معالجے کے معیار اور سہولیات کے بارے میں فیڈ بیک حاصل کیا۔ انہوں نے ہسپتال کی فارمیسی میں ادویات کی دستیابی کو بھی خصوصی طور پر چیک کیا۔بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے شہر میں ‘ستھرا پنجاب’ پروگرام کے تحت جاری صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ صفائی ستھرائی کے عمل کو مزید تیز اور مستحکم بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فیلڈ میں دستیاب تمام وسائل کو بہترین انداز میں بروئے کار لایا جائے، شہری علاقوں میں صفائی کے معیار کو بلند کیا جائے اور شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس ضمن میں فریضہ کی انجام دہی میں کسی قسم کی سستی، غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ محکموں کی کارکردگی کی مسلسل کڑی نگرانی کی جائے گی۔اس دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز میاں سرمد حسین، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر اور ایم ڈی ستھرا پنجاب سیالکوٹ مزمل الیاس بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔


