سڈنی: ویب ڈیسک
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 40 رنز سے شکست دے دی ہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی آسٹریلوی ٹیم نے سیریز میں اہم برتری حاصل کرلی ہے۔نارتھ سڈنی اوول میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ کی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ آسٹریلیا کی خواتین ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز کا مضبوط اسکور کھڑا کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایشلی گارڈنر نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے محض 45 گیندوں پر 84 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی جس میں 10 شاندار چوکے اور 4 فل چھکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ بیتھ مونی نے بھی 39 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیس کر اور نینسی پٹیل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم آسٹریلوی بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار نظر آئی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 127 رنز ہی بنا سکی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے میڈی گرین نے 26 اور پولی انگلس نے 19 رنز بنائے، لیکن کوئی بھی بلے باز بڑی شراکت قائم کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔آسٹریلیا کی جانب سے بولنگ میں جارجیا واریہام نے انتہائی نپی تلی اور تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 18 رنز کے عوض 3 اہم کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ شاندار بیٹنگ کرنے والی ایشلی گارڈنر نے بولنگ میں بھی جوہر دکھاتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پیش کرنے پر ایشلی گارڈنر کو ” پیلئر آف دی میچ” قرار دیا گیا۔


